نوازشریف شیر اور عمران گیدڑ کی مانند ہیں، سعد رفیق

لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران نے ٹھیک کہا گیدڑ تحریک نہیں چلاسکتے کیوں کہ نوازشریف شیر کی طرح بہادر اور عمران خان گیدڑ کی طرح بزدل ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اوکاڑہ میں جلسے کے دوران خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بد زبانی نہیں کرنا چاہتے، عمران خان جھوٹ بولیں گے تومنہ توڑ جواب دیں گے، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کرکےعمران کس کا کام کر رہے ہیں؟ عمران شعبدہ بازی اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر بےشرمی کی حد تک یقین رکھتے ہیں۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جہانگیر ترین کا مال کھایا اور اسے ہی قربانی کا بکرا بنادیا، عمران خان نے خود جوئے اوربال ٹمپرنگ کا اعتراف کیا، وہ ڈیرہ غازی خان جیل میں 5 دن نہیں کاٹ سکے جب کہ نواز شریف نے استقلال سے مشرف دورمیں 17 ماہ جیل کاٹی، نوازشریف نے عالمی طاقتوں کا دباؤ مسترد کرکے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا وہ کسی دھمکی، دباؤ اور مالی پیشکش کو خاطرمیں نہیں لائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں